انڈین کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل کے بقیہ میچز کو ملتوی کر دیا

آئی پی ایل

انڈین کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمئیر لیگ کے بقیہ میچز کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔

اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈین کرکٹ بورڈ اور آئی پی ایل کی گورننگ کونسل نے ایک ہنگامی اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ فوری طور پر آئی پی ایل 2021 کو ملتوی کر دیا جائے۔

بیان کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف اور آئی پی ایل کے انعقاد میں شامل دیگر شرکا کی حفاظت پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتا اور یہ فیصلہ تمام سٹیک ہولڈرز کی حفاظت، صحت اور فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئی پی ایل 2021 کے تمام شرکا کو بحفاظت واپس بھیجنے کے انتظام میں انڈین کرکٹ بورڈ اپنے تمام اختیارات کا استعمال کرے گا۔

واضح رہے کہ انڈیا میں کورونا وائرس سے ہونے والے شدید بحران کے سبب ناقدین کا مؤقف رہا ہے کہ ایسے موقع پر یہ ٹورنامنٹ کرانا نہایت ہی ’غیر مناسب‘ ہے۔

دوسری جانب گذشتہ روز انڈین پریمئیر لیگ کی کولکتہ نائٹ رائیڈرز ٹیم کے دو کھلاڑی ورون چکرورتی اور سندیپ واریر کا کورونا مثبت ہونے کے سبب ان کا رائل چیلنجرز بنگلور کے ساتھ ہونے والا میچ ملتوی کر دیا گیا تھا۔

Leave a Reply